۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
علامہ مقصود ڈومکی

حوزہ/ کریم نے ہمیں یہود و نصاری کے ساتھ دوستی کرنے اور ان کی ولایت کو تسلیم کرنے سے روکا ہے لیکن انتہائی افسوس کی بات ہے کہ مسلم حکمران خصوصاً عرب حکمران یہود و نصاری کی ولایت کو تسلیم کرچکے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع جیکب آباد کے زیر اہتمام ڈی سی روڈ پر منعقدہ سالانہ مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ قرآن کریم نے ہمیں یہود و نصاری کے ساتھ دوستی کرنے اور ان کی ولایت کو تسلیم کرنے سے روکا ہے لیکن انتہائی افسوس کی بات ہے کہ مسلم حکمران خصوصاً عرب حکمران یہود و نصاری کی ولایت کو تسلیم کرچکے ہیں۔ قرآن کریم کی روشنی میں یہود و نصاری کی ولایت کو تسلیم کرنا حرام اور گناہ ہے۔ مگر آج دنیائے اسلام خصوصاً حکمران طبقہ یہود و نصاری کی اطاعت میں غلامی کی ساری حدیں کراس کر چکا ہے۔ امریکہ و اسرائیل کی غلامی امت کے زوال ذلت اور تحقیر کا باعث ہے۔ اور یہ قرآن کریم کی تعلیمات سے بغاوت کا نتیجہ ہے۔ قرآن کریم کے مطابق امت مسلمہ کو آزاد اور خودمختار قوم کی طرح اپنی داخلی اور خارجی پالیسی مرتب کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو ان خائن حکمرانوں سے جواب طلبی کرنی چاہیے جو یہود و نصاری کی پیروی کرتے ہوئے قبلہ اول بیت المقدس مسجد اقصی اور فلسطین کا سودا کر چکے ہیں جنہوں نے کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ خیانت کی ان کا محاسبہ بھی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ ایک محب وطن ملت ہے جس نے ہمیشہ وطن عزیز پاکستان کی عزت اور سربلندی کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ ہمارے نوجوانوں کو ماورائے آئین اور قانون مسنگ کرنا کسی طور پر بھی قابل قبول نہیں ہے اگر کسی انسان نے کوئی جرم کیا ہے تو اسے عدالتوں میں پیش کیا جائے۔ حیرت کی بات ہے کہ ریاستی اداروں کو اپنی ہی عدلیہ پر اعتماد نہیں ہے۔ ملک میں جنگل کا قانون نافذ کرنے والوں کو یہ بات سوچنی ہوگی کہ اگر ریاستی ادارے ہی لا قانونیت کا راستہ اختیار کریں گے تو پھر کس طرح ملک میں امن اور استحکام قائم ہو سکتا ہے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .